اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جمہوریت اقتصادی و سماجی ترقی، بین الاقوامی، امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ انسانی بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتی ہے، امن، انسانی حقوق اور ترقی کے اہداف کے حصول کےلئے جمہوریت کا ہونا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو دنیا بھر میں ہرسال 15ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمہوری نظام ایک مشترکہ قدر ہے جس کی بنیاد پر عوام آزادانہ طور پر سیاسی اقتصادی ثقافتی نظام میں شرکت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ان مقاصد کے حصول کے لیے سیاسی قیادت کو آپس کے اختلافات کو بھلا کر یکجا ہونے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی خوبصورتی یہ ہے کہ ملک کو در پیش مسائل کا حل مقامی طور پر ڈھونڈا جائے۔ جمہوریت شہریوں کی تمام شعبہ ہائے زندگی میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو اس کے اصل وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حکومتی پالیسیوں میں شمولیت جمہوریت کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اختلاف رائے کی بجائے اتفاق رائے کو تقویت دیتی ہے اور متضاد رائے میں اتفاق پیدا کرتی ہے