
اسلام آباد ۔ 20ستمبر (اے پی پی) ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ و دیگر شہداءکربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم عاشور کے سلسلے میں 9ویں محرم الحرام کو علم و ذوالجناح کا جلوس نکالا گیا، جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری سے برآمد ہوا اور سخت سیکورٹی حصار میں اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مقام آغاز پر اختتام پذیر ہو گیا۔ مرکزی جلوس نماز ظہرین کے بعد مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا ، جلوس کے شرکاءماتم، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کو پرسہ پیش کرتے رہے، جلوس کے شرکاءکے لئے جگہ جگہ سبیلوں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ مختلف مذہبی تنظیموں کی طرف سے واقعہ کربلا کی مناسبت سے کتب، سی ڈیز اور دیگر کتابچوں کے خصوصی سٹالز قائم کے گئے تھے جبکہ جلوس کے شرکاءکی حفاظت کے لئے اسلام آباد پولیس، ضلعی انتظامیہ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جلوس کے راستے پر تعینات تھے۔