اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے بھارتی حکمرانوں کے جنگی جنون کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خلاف نفرت پھیلاکر فرانسیسی جیٹ رافیل معاہدے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے استعفے کے مطالبے اور اس میگا کرپشن سکینڈل سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی خلفشار اور دباﺅ سے بچاﺅ کیلئے اس قسم کے حربے استعمال کررہا ہے۔ دنیا نے امن کے حصول کیلئے پاکستان اور بھارت کے رویوں میں فرق دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعطم عمران خان امن کی زبان استعمال کررہے ہیں جبکہ بھارت دھمکی آمیز لہجہ استعمال کررہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے امن کیلئے ہاتھ بڑھایا ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری اور خطہ کی خوشحالی کیلئے امن ضروری ہے۔