اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان اوپن ‘ ڈی ایچ اے اور چیف آف نیول سٹاف سکوائش چیمپئن شپ کے لئے 14 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے‘ تینوں ایونٹس نومبر اور دسمبر کے درمیان کراچی مےں کھیلے جائیں گے‘ ایونٹ میں پاکستان کے نامور کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئےں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے منگل کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے اسلام آباد اور لاہور کے بعد کراچی میں بھی پی ایس اے کے مقابلے بحال کرائے ہیں۔پہلا 20 ہزار ڈالر کا ایونٹ ڈی ایچ اے انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ 20 سے 24 نومبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔ دوسرا 50 ہزار ڈالر کا ایونٹ پاکستان اوپن انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 2 دسمبر تک جبکہ چف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپیئن شپ 6 سے 10دسمبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=119840