اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے میڈیا امور افتخار درانی نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں آصف علی زرداری اور عاظم حسین کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے دور میں کوئی مقدمہ رجسٹرڈ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف تمام کیسز مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں میں قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاتفریق احتساب موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پی ٹی آئی نے 2018ءکا عام الیکشن میں بدعنوانی کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کے ایجنڈا اور پارلیمانی منشور کے تحت حصہ لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان میں مسائل پر گفتگو ہونی چاہیے جو اس مقصد کے لئے سب سے بہترین فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم کے وسیع تر مفاد میں اپوزیشن کی تجاویز پر غور کریں گے۔