۔ یکم نومبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور تحریک حریت جموں وکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ترال کے علاقے چھان قطار میںبھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان شوکت احمد خان اور عثمان حیدر کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے نہتے کشمیری عوام کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں وکشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے حالتِ جنگ میں ہے جس سے یہاں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے۔ انہوں نے سوپور کے علاقے زالورہ میں بھارتی فورسز اور پولیس کی جانب سے عام لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے، مکانوں کی توڑ پھوڑ کرنے اور دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر میں قابض فورسز کو بے لگام چھوڑ دیا گیا ہے جو انتقامی پالیسی کے تحت مظلوم اور نہتے عوام کے خلاف برسرِ جنگ ہیں جس سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔