اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ہاﺅسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے حکومت کا کوئی کردار نہیں‘ حکومت اس کے بعد پیدا شدہ صورتحال میں امن و امان کی ذمہ دار ہے‘ اپوزیشن کی طرف سے بالغ نظری اور اہم قومی معاملات میں مل جل کر اقدامات کی تجویز قابل تعریف ہے‘ اپوزیشن سنجیدگی سے حکومت کا ساتھ دے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر وزیر ہاﺅسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کی غلامی‘ عشق اور محبت سے اس کرہ ارض پر کوئی مسلمان انکاری نہیں۔ اپوزیشن کی طرف سے اس صورتحال سے اچھی تجویز آئی‘ صورتحال خراب ہے کوئی اس کو تسلیم نہیں کرتا تو یہ غلط ہے، ہم اپوزیشن کی تجاویز کو زیر غور لائیں گے کہ کیسے اس صورتحال سے نکلیں۔ اس معاملہ کو ہوا دینے کی بجائے اس پر مل بیٹھ کر حل سوچیں، حکومت کا اس فیصلے میں کوئی کردار نہیں ہے، حکومت امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنا چاہتی ہے، یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے، نبی کی عزت‘ حرمت کےلئے ہم سب کی جانیں حاضر ہیں، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیے، اپوزیشن سے استدعا ہے کہ وہ سنجیدگی سے حکومت کا ساتھ دے۔