وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

87

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بند کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے قائدین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور امید ہے کہ مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے علاوہ اس کے احکامات پر عملدرآمد بھی کرائے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قیمت پر ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مظاہرین کے قائدین کے ساتھ مزاکرات کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو جائیں گے۔ عثمان بزدار کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ایک بہترین ٹیم ہے جو ملکر صوبے کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ زرتاج گل کا کہنا تھا کہ قومی مسائل پر حکومت، عوام اور فوج ایک ہی صفحے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ، قانون کی بالادستی اور امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔