چین کے صدر شی جن پنگ کابیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

106

اسلام آباد ۔03 نومبر(اے پی پی)چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی تعمیر پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے تیار ہے۔ چائینہ ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق چین کے صدر نے ان خیالات کا اظہاربیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور بالخصوص دوستی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور بین الاقوامی یا مقامی قیادت کی تبدیلی سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ اس سے خطے میں امن ، استحکام اور ترقی کے فروغ میں بھی مدد ملتی ہے ۔ چین کے صدر نے پاک چین تعلقات کے فروغ کے حوالے عمران خان کی کاوششوں کا سراہا ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنے سفارتی تعلقات میں اہمیت دیتا ہے اور وہ پاکستان کے تحفظ ، قومی خود مختاری ، آزادی اور علاقائی تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہے ۔