لاہور ۔ 8 نومبر (اے پی پی) چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ چین کی متعدد فرنیچر کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے دسویں 3 روزہ میگا نمائش انٹیریئرز پاکستان 2018 میں دلچسپی ظاہر کی ہے جو 14 دسمبر کو ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہوگی۔ شنگھائی سے یہاں موصولہ بیان میں چیف ایگزیکٹو پی ایف سی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان فرنیچر کی باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے اور دونوں ممالک کے نجی شعبے اس سیکٹر میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں جو ابھی تک پس منظر میں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وفد کے ہمراہ پی ایف سی کے وفد کا دورہ چین بہت کامیاب رہا ہے اور اس کے دوررس اثرات مرتب ہوںگے کیونکہ دونوں اطراف نے نہ صرف ایک دوسرے کے ملک بلکہ دیگر ممالک میں بھی مشترکہ میگا فرنیچر نمائشیں منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔