وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں گفتگو

181
APP74-13 ISLAMABAD: November 13 - Mehdi Honardoost, Ambassador of Iran called on Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhry Fawad Hussain. APP

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان اور ایران کے مابین ثقافت کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثقافتی تبادلوں سے نہ صرف ایک دوسرے کی اقدار اور روایات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ یہ دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے کا ذریعہ بھی ثابت ہو تے ہیں۔ وہ منگل کو پاکستان میںمتعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ایرانی فلم انڈسٹری کا دنیا میں ایک مقام ہے‘ایرانی فلم اور ڈرامہ آرٹسٹوں کوپاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں‘آرٹسٹوں کے تبادلے سے فلم اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں آپسی تجربے سے استفادہ حاصل کیا جا سکے گا۔وزیر اطلاعات نے ایرانی سفیر کو رحمت العالمین کانفرنس میں ایرانی علماء کی شرکت کی دعوت دی۔12 ربیع الاول کے حوالے سے رحمت العالمین کانفرنس رواں ماہ 20 اور 21 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے ۔ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے پاکستان اور ایران کے درمیان فلم اور پروڈکشن کے شعبوں میں مشترکہ پروڈکشنز اورمیڈیا کے شعبوں میں بھی تعاون پر زوردیا اور تجویز دی کہ آئی آر آئی بی اور ارنا کے سربراہان کی تجربات کے تبادلے کے لئے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات ہونی چاہیے۔ وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام کو ایران کی دو سرکاری میڈیا آرگنائزیشنز کے سربراہوں کو پاکستان آنے کی باقاعدہ دعوت دینے کی ہدایات جاری کیں۔