صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خاتون اول کے ہمراہ نیشنل لائبریری آف پاکستان کا دورہ، لائبریری میں ”پریذیڈینشل کارنر“ کا افتتاح کیا

152
APP27-15 ISLAMABAD: November 15 - President Dr. Arif Alvi and First Lady Mrs. Samina Alvi inaugurating ‘Presidential Corner’ in National Library of Pakistan. Federal Minister of Federal Education, Professional Training and National Heritage Shafqat Mahmood also present. APP

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خاتون اول محترمہ ثمینہ علوی کے ہمراہ جمعرات کو نیشنل لائبریری آف پاکستان کا دورہ اور لائبریری میں ”پریذیڈینشل کارنر“ کا افتتاح کیا۔ وزیر برائے وفاقی تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت اور قومی ورثہ شفقت محمود نے آمد پر صدر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر مملکت نے لائبریری کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے خصوصی افراد کےلئے قائم ”گوشہ نور“ کا بھی دورہ کیا اور لائبریری میں موجود خصوصی افراد سے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے ایسے افراد کیلئے خصوصی کاﺅنٹرز اور دیگر سہولیات کے ہمراہ مخصوص کمپیوٹرز مختص کرنے پر نیشنل لائبریری کی انتظامیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ خصوصی افراد کو مطالعہ کےلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماعت سے محروم افراد کے استفادہ کیلئے نیوز بلیٹن اور ٹی وی پروگراموں میں سائن لینگویج کو شامل کرنے کی سفارش کریں گے۔ صدر مملکت نے تاجکستان، ترکی، بیلاروس، آذربائیجان، امریکہ، کیوبا اور بلغاریہ سمیت دیگر ممالک کی لائبریریز کے ساتھ ایم او یوز کے تحت قائم ہونے والے مختلف کارنرز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے لائبریری کے آرکائیوز سیکشن میں نایاب اور تاریخی کتب و اخبارات کی ڈیجیٹلائزیشن کا بھی مشاہدہ کیا اور تاریخ کو محفوظ بنانے کی اس کاوش کی تعریف کی۔ صدر نے لائبریری میں صدارتی کارنر کا بھی افتتاح کیا۔