
اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) وفاقی حکومت نے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ، رائیونڈ کی سیکورٹی پر 60 کروڑ روپے خرچ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر میاں پرادران کے خلاف مزید 4 کیسز نیب کو بھیجوانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گزشتہ حکومت کے دور میں سرکاری ذرائع کا بے دریغ استعمال کیا گیا، ان کا آڈٹ کر رہے ہیں،وزیراعظم اوروزیراعلیٰ ہاو¿س کا ریکارڈ نیب کے حوالے کررہے ہیں،تحقیقی صحافت احتساب کے عمل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، برطانوی اخبار نے شریف خاندان کی جائیداد کے بارے میں تحقیقی خبر شائع کی، جس میں نوازشریف کی اہلیہ کے نام برطانیہ میں ایک فلیٹ کی اونرشپ بتائی گئی ہے، نیب کے قوانین میں ترمیم کے لیے تیار ہیں لیکن نیب پر مزید نگرا نی کا ادارہ بٹھانے کا کوئی ارادہ نہیں، عوام نے ہمارا انتخاب کیا ہے، ہم لوگوں کو جوابدہ ہیں۔.یہ بات ہفتہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نےانفارمیشن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ سابق حکمرانوں میاں برداران نے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے، شہباز شریف نے سرکاری وسائل کا بےدریغ استعمال کیا، انہوں نے 60 کروڑ روپے ہوائی سفر پر خرچ کیے، اس کیس کو بھی نیب کو تفتیش کے لئے بھجوا رہے ہیں، رائیونڈ کی سیکورٹی پر 60 کروڑ روپے خرچ ہوئے، ایک دیوار بنانے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالہ میں دیوار اپنے خرچے سے بنوائی ہے ۔ اس کیس کو بھی نیب کے حوالے کر دیا جائے گا۔ شہباز شریف کا سفری خرچ کا معاملہ نیب کو بھجوا رہے ہیں، مریم نواز شریف کے خلاف بھی جہاز کا خرچہ کرنے کا کیس نیب کو بھیجا جائے گا۔ افتخار درانی نے کہا کہ مقاصد کی تکمیل کے لیے متبادل حکمت اختیار کرنا پڑتی ہے، اسٹریٹجی میں تبدیلی اگر یو ٹرن ہے تو یہ ہے۔