وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ فواد حسین چوہدری کا تبلیغی جماعت کے امیر مولانا عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

70

اسلام آباد ۔18 نومبر(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ فواد حسین چوہدری نے تبلیغی جماعت کے امیر مولانا عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو اپنے تعزیتی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا عبدالوہاب پوری دنیا میں اسلام کی ترویج اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو پھیلانے میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے دنیا پر یہ ثابت کیا کہ محبت، برداشت اور روحانی سکون کے ذریعے انسانی سوچ اور کردار میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ مولانا عبدالوہاب کا شمار ان سکالروں اور علمائے دین میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلامی تعلیمات کی ترویج اور قرآن کریم کے پیغام کو پھیلانے کے لیے وقف کر دی۔ رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع میں ہر سال لاکھوں لوگ ان کے اسلام کے بطور پر امن مذہب ،پیغام کو سننے کے لیے آتے رہے، یہ حج کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں کا دوسرا بڑا اجتماع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالوہاب نے جس پیغام کو پھیلانے کا سلسلہ شروع کیا تھا وہ تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور یہ دنیا و آخرت میں ان کے لیے بخشش کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب اور غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔