وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت

61

اسلام آباد۔18 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو روزانہ کی بنیاد پر ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ظلم و بربریت میں بھارتی فوج اس قدر اندھی ہو چکی ہے کہ ایک طرف بارہ اور تیرہ سال کے کشمیری بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے تو دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے بزرگ اور عورتوں کو بھی بھارتی ظلم و تشدد سے بچاﺅ حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی اور آسیہ اندرابی جیسی خواتین کو بھارتی حکومت نے عرصہ دراز سے بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر نظربند اور گرفتار کر رکھا ہے تاکہ کشمیریوںکی حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بچوں، عورتوں اور بزرگوں سے خائف اس بھارتی فوج اور حکومت کی ذہنی کیفیت کا اس سے اچھی طرح لگایا جا سکتاہے۔