قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

92

اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ بطور سپیکر قومی اسمبلی وہ ایسے قوانین اور آرڈیننس منظور کرنا چاہتے ہیں جو عام آدمی کے بنیادی حقوق کو یقینی بنائے جانے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے فائدہ مند بھی ہوں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں جب میں سپیکر تھا تو پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی اور 172 نئے قوانین کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی انسانی ہمدردی، لوگوں کو بھائی چارے کے فروغ اور صبر کی تلقین کی تعلیمات میرے لیے مشعل راہ ہیں اور مجھے متاثر کرتی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایوان کے نگران کے طور پر ہاﺅس کو متوازن طریقے سے چلانا اور حکومتی و اپوزیشن اراکین کو خیالات کے اظہار کے لیے یکساں وقت دینا اور انہیں پارلیمانی روایات کو برقرار رکھنے کی ہدایات کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایوان کے قوانین اور پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی کرے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔