وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

66

اسلام آباد۔18 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معاشی استحکام کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے‘گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہوئی‘ پی ٹی آئی کی حکومت نے متعدد درست اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں‘ معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لئے آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کے جال میں پھنسا دیا تھا، قرضوں کی رقم غیرضروری منصوبوں یا ان چیزوں پر خرچ کی گئی جو ان کے لئے فائدہ مند تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابقہ حکمرانوں نے قومی دولت کو لوٹا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شریف برادران اور زرداری سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی سے ملک کو درپیش مالی بحران ختم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا منشور ہے اور وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات اس وعدے پر لڑا تھا کہ کرپٹ لوگوں کا احتساب ہو گا اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے پیسوں کو لوٹنے والے لٹیروں اور چوروں کو قابو کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، کرپٹ لوگوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رہے گا اور کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ ہم وہ تبدیلی لائیں گے جس کا وعدہ ہم نے انتخابات میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتوں نے اپنے کرپٹ اقدامات کے باعث سرکاری اداروں کو تباہ کیا، ہر ادارے میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں۔