وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت

73

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک کے تعلیمی اداروں میں پڑھائے جانے والے تین مختلف اقسام کے نصاب کو یکساں تعلیمی نظام میں تبدیل کردیا جائے گا، معاشرے میں طبقاتی تقسیم کو ختم کرنے کا یہ واحد حل ہے، یکساں تعلیمی نظام منظوری کیلئے جلد وزیراعظم کو بجھوایا جائے گا، تعلیمی اہداف حاصل کرنے کیلئے ”تعلیمی رضاکار پروگرام“ معاون ثابت ہوگا۔ جمعرات کو ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں، انگریزی میڈیم اور وفاق المدارس کے مختلف نصاب اور معیارات ہیں جس سے معاشرے میں تقسیم بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں یکساں تعلیمی نظام کو بقینی بنایا جائے جس سے تعلیم کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔ وفاقی وزیر نے یکساں تعلیمی نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان پیدا ہونے والی تقسیم کو ختم کرنے کا یہ واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پڑھائے جانے والے نصاب کا جائزہ لینے کیلئے نصاب کونسل تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی یکساں تعلیمی نظام منظوری کیلئے وزیراعظم کو بجھوادیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری موجودہ تعلیم کا ملازمتوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، یہی وجہ ہے کہ طلباءپی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے باوجود بے روزگار ہیں اور یہ ہمارے لئے افسوسناک بات ہے۔