
اسلام آباد ۔ 19 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے عوام الناس کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ قانون کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے سلسلے میں اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان اور اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد بار سے تعلق رکھنے والے وکلاءکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے وزیرِ اعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، ممبران قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، رضا نصراللہ گھمن، شیخ خرم شہزاد، نواب شیر وسیر، فیض اللہ کموکا، فرخ حبیب، اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی شریک تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم عمران خان کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا مطالبہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کی موجودہ آبادی دو کروڑ سے زائد ہے۔ کثیر آبادی اور صنعتی اور کاروباری مرکز ہونے کی وجہ سے کارپوریٹ اور دیگر نوعیت کے مقدمات میں اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کے حصول کے لئے فیصل آباد کی عوام کو لاہور جاکر اپنے مقدمات کی پیروی کرنا پڑتی ہے جوکہ ان کے لئے انتہائی مشکلات کا باعث بنتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے وکلاء وفد کی جانب سے پیش کیے جانے والے مطالبے کے حوالے سے وزیرِ قانون کو ہدایت کی کہ بینچ کے قیام کے سلسلے میں اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان اور اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی جائے تاکہ اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے۔