
بیجنگ ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و شماریات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اقتصادی زونز کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں، گوادر کو پورے خطے کیلئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں، گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اس کوریڈورکو نئی جہت دے گا، زراعت کی ترقی کیلئے چینی تجربات سے ہر ممکن استفادہ کیلئے کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو بیجنگ میں چینی ڈیویلپمنٹ ریسرچ سنٹر آف سٹیٹ کونسل کے دورہ کے دوران کہی۔ چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ ہارون شریف، پاکستانی سفیر مسعود خالد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن دائود بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہاکہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ کا سب سے اہم منصوبہ ہے، سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی کی کمی پوری کرنے کیلئے سرمایہ کاری ہوئی، بجلی کے ساتھ ساتھ زراعت ، صنعتی ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اقتصادی زونز کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں، گوادر کو پورے خطے کیلئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اس کوریڈور کو نئی جہت دے گا ،زراعت کی ترقی کیلئے چینی تجربات سے ہر ممکن استفادہ کیلئے کام جاری ہے، زرعی تعاون کے تحت کارپوریٹ ایگریکلچر، پیداوار میں اضافے، آبپاشی کے جدید طریقے اختیار کرنے اور مارکیٹنگ کو فروغ پر توجہ دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو درآمدات اور برآمدات میں توازن لانا ہوگا، چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی و اقتصادی زونز کی آبادکاری پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان لانے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، صنعتوں کے قیام کیلئے لائٹ سے ہیوی انڈسٹری کی طرف جانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ علم کی منتقلی کیلئے بھی کوشش کرنی ہوگی، پاک چین ریسرچ سنٹرز کے مابین روابط استوار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔