کشمیریوں کے عزم کو شکست دینا بھارت کے بس میں نہیں، صدرآزادکشمیر سردار مسعود خان کا تقریب سے خطاب

160

اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنی قومی آزادی، انسانی وقار اور اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کر رہے ہیں، ان کے عزائم ہمالیہ سے بلند جنہیں شکست دینا بھارت کے بس میں نہیں ہے، اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک کو آزادی حق خودارادیت کے اصول کی بنیاد پر ملی کشمیریوں کو اس پیدائشی حق سے کیسے محروم کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام ایک مجلس مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس مذاکرہ سے ممتاق قانون دان ایس ایم ظفر، ہیومن رائٹس سوسائٹی کے صدر سید عاصم ظفر، صحافی، مصنف اور دانشور لبنیٰ ظہیر، جسٹس (ر) شریف بخاری، لبنیٰ منصور ، اے ایم شکوری اور الیگزینڈر جان ملک نے بھی خطاب کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے اور کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ کر ان کے جائز، منصفانہ حق پر مبنی جدوجہد کو کچلنا چاہتا ہے لیکن شاید بھارت اس حقیقت سے نابلد ہے کہ کشمیریوں کا عزم ہمالیہ کی چوٹیوں سے زیادہ بلند جس کو شکست نہیں دی جا سکتی۔