
اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر اْمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام بند کرائے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صدراتی راج کے نفاذ کا مقصد کشمیریوں کی نسل کشی کو اور تیز کرنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں صدارتی راج کے نفاذ اور کشمیریوں کی نسل کشی سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کھل کر واضح ہو گئی ہے اور نام نہاد جمہوری اور سیکولر بھارت کا اصل چہرہ دْنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔