اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان قریبی اتحادی ہیں اور سعودی عرب نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر پر امن کا خواہاں ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سعودی عرب سے وطن روانگی کے موقع پر کہی ۔ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی وفد کے ہمراہ ہفتہ کو چیئرمین سعودی شوری کونسل کی دعوت پر سعودی عرب کا چار روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔معاون سپیکر ڈاکٹر سعد الحریکی نے وفد کو ائر پورٹ پر رخصت کیا۔پاکستانی قونصل جنرل شہر یار اکبر خان،پاکستانی قونصیلیٹ اور سعودی پروٹوکول محکمہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیئر مین سینیٹ نے مہما ن نوازی پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حالیہ دورہ کے دوران سعودی اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتوں سے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافے کیلئے نئی راہیں کھل جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب قریبی اتحادی ہیں اور دونوں ملکوں کی برادرانہ تعلقات کی طویل تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔چیئر مین سینیٹ نے دورہ کے موقع پر اسلامک ملٹری الائنس کے کمانڈر جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام معاملات پر امن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے اور پائیدار امن صرف مذاکرات اور تعمیری رابطوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔