اسلام آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی) رواں مالی سال 2018-19ءکے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 35 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جس کا بنیادی سبب چین کی جانب سے قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں ہونے والی کمی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2018ءکے دوران پاکستان میں 880.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2017ءکے دوران 1359 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی تھی۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ایف ڈی آئی کی شرح میں 35 فیصد یعنی 478 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔