اسلام آباد ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ملک میں ناگہانی آفات کے انسداد کے لئے طویل المدتی پالیسیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تعلیمی اداروں اور نوجوان طلبا و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ زندگی کی بقاءکے لئے کرہ ارض پر ماحولیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ جمعرات کو یہاں بحریہ یونیورسٹی میں قومی کانفرنس برائے موسمیاتی تبدیلی سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام تعلیمی اداروں کو پاکستان کی ترقی کی کوششوں میں ساتھ دینا چاہیے۔ زرتاج گل نے کہا کہ پانی کی قلت سے بڑے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں، اس حوالے سے بلوچستان اور سندھ کے علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال ہمارے سامنے ہے۔پانی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس کے استعمال میں احتیاط ہم سب کی زمہ داری ہے، ہمیں پانی کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سالہا سال سے ناگہانی قدرتی آفات کا سامنا ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت ان مسائل سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے پرعزم ہے، بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں کی افادیت کا اب ہر سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار پاکستان کو ایک مخلص اور بہادر قیادت ملی ہے اس لئے ملک کے بچوں کا مستقبل اب محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ کانفرنس میں یونیورسٹی کیمپس کے ڈائریکٹر جنرل، فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔