سندھ میں گورنر راج لگنے کی بابت میرے پاس کوئی اطلاع نہیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سکھر میں میڈیا سے بات چیت

66

سکھر۔29دسمبر (اے پی پی)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج کی کوئی بات نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی لڑکھڑاہٹ کا شکار ہے،سندھ میں گورنر راج لگنے کی بابت ان کے پاس کوئی ایسی اطلاع نہیں ، ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کے ہمراہ سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے مذید کہا کہ عوامی نمائندگان جو مینڈیٹ لے کرآئے ہیں اسے پورا کریں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں رونما ہونیوالے افسوسناک واقعات پر قابو پالیا گیاہے،حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ ایم کیو ایم کے تینوں فنکشنریز پر حملہ ہوا ہے کوئی ایسی قوت ہے جو ہمیں لڑانا چاہتی ہے، ہمیں میڈیا کا تعاون چاہیے جرائم کو کم دکھائیں ،تاکہ اچھا امیج بنے، جرائم کی حوصلہ شکنی ہو ، انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ انتہائی افسوسناک ہے،آخرپیپلز پارٹی کون سے میدان میں لڑنے کی دھمکی دے رہی ہے، اس رپورٹ کے بعد اگرکوئی جنگ کرنا چاہتا ہے تو ریاست اس سے اپنے انداز سے نمٹے گی، کوئی قانونی جنگ لڑنا چاہتا ہے یا سڑکوں پر انکی اپنی چوائس ہو گی،دھمکیوں میں نہیں آئیں گے احتساب جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پہلے دورے میں ہی کراچی کو پانی دینے کی بات کی تھی حکومت سندھ کا آن بورڈ ہونا ضروری ہے ،انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ بہت پریشان ہیں ہم انکی پریشانیاں ختم کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے ۔اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سیکیورٹی بڑھانے کو کہا تھا لیکن کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک محاذاآرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اگر کیسز بنے ہیں تو عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے۔