
اسلام آباد ۔ 31دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو قوم کیلئے نئے سال کا تحفہ قرار دیدیا۔ پیر کی شب اپنے ٹویٹ میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سال نو پر وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا تحفہ دیا ہے، نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔