پاکستان بیت المال سٹریٹ چلڈرن کے لئے ”سکول انڈر ٹری“ منصوبے پر کام کر رہا ہے، ایم ڈی عون عباس بپی

128

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ سٹریٹ چلڈرن کے لئے ”سکول انڈر ٹری“ نصوبے پر کام کررہا ہے جس کا مقصدسٹریٹ چلڈرن کو چائلڈ لیبر کی بجائے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونے کے لئے بنیادی تعلیم فراہم کرنا ہے۔منگل کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کر تے ہوئے ایم ڈی بیت المال نے کہا کہ پاکستان بیت المال نے1995ءسے لیکر اب تک 159سکول قائم کیے ہیں جہاں پر17ہزار 871 سٹریٹ چلڈرن(طلباءو طالبات) زیر تعلیم ہں ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بیت المال کے پنجاب میں 37سکول ،خیبر پختونخوا میں 24سکول، بلوچستان میں 14سکول ،اسلام آباد ،آزاد جموں کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں 11سکول قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال نے ہدف قائم کیا ہے کہ ان تعلیمی اداروں میں مزید 10ہزار سٹریٹ چلڈرن کی انرولمنٹ کی جائے گی ۔پاکستان بیت المال ذرائع کے مطابق پاکستان بیت المال نے 3ماہ کے دوران 542طلباءکو سکالرشپ دیئے ہیں ،دسمبر 2019 تک سکالرشپ کی تعدا د دوگنا کر دی جائے گی جس کا مقصد چائلڈ لیبر کا خاتمہ یقینی بنانا ہے ۔پاکستان بیت المال ٰ بلوچستان میں مزید 6 تھیلاسیمیا سینٹرز اور 25سویٹ ہومزبنانے کے منصوبے پر بھی غور کر رہا ہے اس ضمن میں صوبائی کوآرڈینٹرز کو ضلعی سطح پر کام تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں گئیں ہیں۔