اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قانون سازی کے حوالے سے قومی اسمبلی کو مثالی ادارہ بنانا چاہتا ہوں ،ایسی قانون سازی کی جائے جس کا برائے راست فائدہ عوام تک پہنچ سکے۔جمعرات کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں قانون سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کو ہدایت کی کہ قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل مکمل کیا جائے اور تمام کمیٹیوں کو فعال بنانے کے لئے اپوزیشن سے ملکر تمام رکاوٹیں ختم کی جائیں۔ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن ملکر آپس کے اختلافات ختم کریں انہوں نے کہا کہ ہم ایسی قانون سازی کرنا چاہتے ہیں جس کا برائے راست فائدہ عوام کو ہو کیونکہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ہی ہمیں منتخب کرکے ایوانوں میں بھیجتے ہیں۔سپیکر کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے حوالے سے قومی اسمبلی کو مثالی ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔