وزیر دفاع خواجہ آصف کی سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس، صحافیوں سے گفتگو

127

اسلام آباد۔25 جولائی (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے پاکستان پر حالیہ لگائے گئے حالیہ الزامات مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت الزامات لگانے کی بجائے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کی واپسی پر توجہ دے‘ افغان مہاجرین پاکستان کےلئے ایک بڑا چیلنج ہیں‘ افغان سرحد کو محفوظ بنائے بغیر پاکستان دہشت گردی پر قابو نہیں پا سکتا‘ مشیر قومی سلامتی کا دورہ ایران انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی فورمز پر اٹھا رہے ہیں۔ وہ پیر کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئٹہ شوری کے دفاتر کے الزامات بلاجواز ہیں‘ پاکستان میں اس وقت بھی ساڑھے تین سے چار ملین افغان مہاجرین موجود ہیں اور وہ پاکستان کےلئے ایک بڑا چیلنج ہیں‘ اگر یہ تمام افغان مہاجرین واپس افغانستان چلے جائیں تو پاکستان کے معاملات کافی حد تک بہتر ہو جائیں گے‘ اس کے بعد اگر کوئی اعتراض یا الزام لگایا گیا تو پاکستان اس کا بہتر جواب دے سکے گا۔