وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کا گلگت بلتستان کے پی ایس ڈی پی پراجیکٹس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

105
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور

اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لیے توانائی پالیسی انتہائی ضروری ہے جس سے گلگت بلتستان حکومت ایک طرف چھوٹے درجے کے ہائیڈل پراجیکٹس مکمل کر کے نہ صرف اپنی ضروریات پوری کر سکتی ہے بلکہ پورے پاکستان کو بھی سستی بجلی فراہم کرنے میں مدد گارثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو یہاں گلگت بلتستان کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) پراجیکٹس کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری امور کشمیرو گلگت بلتستان طارق محمود پاشا ، ایڈیشنل سیکرٹری امور کشمیرو گلگت بلتستان ،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے علاوہ وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر کو گلگت بلتستان میں جاری مختلف پی ایس ڈی پی پراجیکٹس خصوصا 15 میگا واٹ ہنزل پاور پراجیکٹ، 26 میگا واٹ شگر تھنگ ہائیڈل پاور پراجیکٹ، 34 میگا واٹ ہرپو پاور پراجیکٹ، 4 میگا واٹ چلاس پاور پراجیکٹ ، 16 میگا واٹ نلتر 3، 30 میگا واٹ عطاآباد پاور پراجیکٹ کے علاوہ گلگت میں 50 بستروں پر مشتمل کارڈیک ہسپتال ، سکردو میں پولیٹیکنیکل انسٹیٹوٹ اور دیگر پراجیکٹس پر بھی کام کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلا بر یفنگ دی گئی۔