اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فنانس بل سے متوسط طبقہ کو ریلیف ملا ہے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو گا، اپوزیشن کے پاس بات کرنے کو کچھ نہیں، وہ کاغذ سے ڈیسک بجاتی رہی۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فنانس بل سے بڑی گاڑیوں والے لوگوں پر مزید ٹیکس لگایا گیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، فنانس بل سے متوسط طبقہ کو ریلیف ملا ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ فنانس بل پیش کرنے کے موقع پر ایوان میں اپوزیشن کے پاس بات کرنے کو کچھ نہیں تھا، وہ کاغذ سے ڈیسک بجاتی رہی، ایوان میں شور شرابہ سے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی جس میں اپوزیشن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔