کراچی میں امن و امان کی بہتر صورت حال کے لیے رینجرز کا کردار انتہائی اہم رہا ہے‘ مکمل امن ہونے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے تک رینجرز کو کراچی ہی میں رکھا جائے‘ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی

147

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورت حال کے لیے رینجرز کا کردار انتہائی اہم رہا ہے لہٰذا یہاں مکمل امن ہونے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے تک رینجرز کو کراچی ہی میں رکھا جائے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن رینجرز کی وجہ سے ہی بحال ہوا ہے اسلیے ان کا یہاں رہنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہمارے کچھ ہمسائیہ ممالک بلکہ بہت سی دیگر طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیںلہٰذا ہمیں اپنی فوج اور دیگر اداروں کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے بلکہ انہیں مضبوط کرنا چاہیے، گذشتہ روز کراچی میں ہمارے فوجی جوانوں پر ہونے والے حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کراچی جو کہ ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے میں دن دیہاڑے ایسا واقعہ ہو جانا نہایت افسوسناک ہے۔