جاپانی بحریہ کی میری ٹائم فورس برائے اینٹی پائریسی کے دو جہازوں کی پاکستان آمد

104
APP35-26 KARACHI: January 26 – The Crew of Two Japanese Naval P3C aircrafts of deployed Maritime Force for Antipiracy Endowment and defence attaché of Japan in a group photo with officials of Pakistan Navy aviation wing at PNS MEHRAM. APP

کراچی۔ 26 جنوری (اے پی پی) پاک بحریہ فروری میںچھٹی کثیر الملکی بحری مشق امن2019 کا انعقاد کر رہی ہے، اس تناظر میں جاپانی بحریہ کی میری ٹائم فورس برائے اینٹی پائریسی کے دو P3C جہازوں نے قبل از امن تیاری اور مشترکہ مشقوں کے لئے پی این ایس مہران کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں جہازوں اور ان کے عملے نے پاک بحریہ کے فضائی شعبے کے ساتھ سرچ اینڈ ریسکیو اور کاﺅنٹر پائریسی کے علاوہ مختلف مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا۔جاپانی دستے نے پاکستان میری ٹائم میوزیم اور پی اے ایف میوزیم کا بھی دورہ کیا اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی تاریخی فتوحات اور کامیابیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔کمانڈر نیول ایوی ایشن کی جانب سے جاپانی P3C جہازوں کے عملے کے اعزاز میں ایک الوادعی عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں جاپان کے سینئیر افسران اور معززین نے شرکت کی۔جاپانی P3C جہازوں کا دورہ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور باہمی تعاون کے فروغ کی خواہش کا آئینہ دار ہے۔دورے کا مقصد نہ صرف باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے بلکہ جنوبی بحیرہ عرب میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے مشترکہ کاوشوں کو بڑھانا بھی ہے۔علاوہ ازیں جاپانی جہازوں کی بحری مشقوں میں شرکت سے دونوں ممالک کے افسران اور عملے کو سرچ اینڈ ریسکیو اور کاﺅنٹر پائریسی میں مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں اور استعداد کو بڑھانے کا موقع بھی حاصل ہوا۔ جاپانی P3C جہازوں کی پاکستان آمد پاک بحریہ اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے مابین میری ٹائم تعاون کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے جہازوں کے اس دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان اور جاپان کے سفارتی اور دفاعی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔