نیپال کی22 رکنی خواتین ٹیم انٹرلوپ فرسٹ انٹرنیشنل ویمن بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی

118

اسلام آباد ۔ 27 جنوری(اے پی پی)نیپال کی 22 رکنی خواتین ٹیم انٹرلوپ فرسٹ انٹرنیشنل ویمن بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔پاکستان اور نیپال کی بلائنڈخواتین ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق نیپال کی خواتین بلائنڈکرکٹ ٹیم براستہ واہگہ بارڈر لاہورپہنچ گئی۔ نیپالی ٹیم کاا استقبال واہگہ بارڈرپر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چئیرمین سید سلطان شاہ نے کیا۔ اس موقع پر پی بی سی سی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سلمان بخاری،ڈائریکٹرکوآرڈینیشن آصف عظیم، عبدارزاق،طاہربٹ بھی موجود تھے۔ اس موقع پرمہمان کھلاڑیوں کوپھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔چئیرمین سید سلطان شاہ نے کہا کہ پانچ میچز پر مشتمل سیریزکی افتتاحی تقریب 28 جنوری کو لاہورکے الحمرا ہال میں منعقد ہو گی ۔ سیریز کا افتتاحی میچ 29 جنوری کو لاہورکے کنیئرڈ کالج ویمن یونیورسٹی میں کھیلا جائے گا۔