وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

61

اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اداروں کی تباہی کے ذمہ دار ہیں’ دونوں جماعتیں اپنی قیادت کی لوٹی ہوئی دولت بچانا چاہتی ہیں ‘ دونوں سیاسی طاقتیں احتساب سے بچنے کیلئے موجودہ حکومت کے ساتھ سیاسی چالیں چل رہی ہیں’انکوائری مکمل ہونے کے بعد ساہیوال واقعے کی رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ نے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیر اور پھر پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے پی آئی اے، پاکستان سٹیل ملز، پاکستان ٹیلی ویژن اور دیگر ریاستی اداروں میں میرٹ کا لحاظ کئے بغیر لوگوں کو بھرتی کرکے تباہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) اور پولیس کے محکموں کو بھی نہیں چھوڑا اور دونوں محکموں میں اعلیٰٰ عہدوں پر اپنے منظور نظر افسران کی تعیناتی کے علاوہ اپنے چہتوں کو بھرتی کیا۔ تمام تر خامیوں کے باوجود سی ٹی ڈی نے اپنے فرائض منصبی تندہی سے انجام دیئے ہیں۔ ساہیوال واقعہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد معاملہ کی رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ ایس پی طاہر خان داوڑ کے اغوا کے بعد قتل کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایک اور سوال پر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی پی پی اور پی ایم ایل (ن) اپنی قیادت کی لوٹی ہوئی دولت بچانا چاہتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دونوں سیاسی طاقتیں احتساب سے بچنے کیلئے موجودہ حکومت کے ساتھ سیاسی چالیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ دونوں سیاسی جماعتیں کس فلسفہ پر اپنے سیاسی امور چلا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرداری اور نواز دونوں سیاست میںکہیں بھی نہیں ہیں۔