وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کی ڈائریکٹر جنرل سپیشل کمیونیکشنز آرگنائزیشن میجر جنرل علی فرحان سے گفتگو

84
APP74-28 ISLAMABAD: January 28 - Federal Minister for Planning, Development & Reform and Statistics Division Makhdoom Khusro Bakhtyar in a meeting with Director General, Special Communications Organization, Major General Ali Farhan who called on him. APP

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں میں زمینی مواصلات کو بہتر بنانے کیلئے تھری جی اور فور جی جیسی تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ڈائریکٹر جنرل سپیشل کمیونیکشنز آرگنائزیشن میجر جنرل علی فرحان کے ساتھ یہاں ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں پراجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک حسان دائود اور وزارت کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں تک براڈ بینڈ سروس کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، ان علاقوں کے لوگوں کو پاکستان کے مرکزی شہروں سے منسلک کرنے کیلئے ضروری ہے کہ یہاں پر آئی ٹی اور مواصلات کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان سہولیات کی فراہمی سے ان علاقوں میں صنعت و سیاحت کو فروغ بھی ملے گا۔ اجلاس کے دوران ڈی جی ایس سی او نے وفاقی وزیر کو ادارے کی کارکردگی و سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے خنجراب سے راولپنڈی تک 820 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل منصوبے کے حوالہ سے بھی بتایا۔ انہوں نے اس منصوبہ کے فیز ٹو کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔