ڈھاکہ ۔ 29 جنوری (اے پی پی) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی، وہاب ریاض، سیف الدین کی عمدہ باﺅلنگ کے بعد تمیم اقبال کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کومیلا وکٹورینز نے چٹاگانگ وائی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ساتویں کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 117 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، تمیم اقبال 54 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ منگل کو کھیلے گئے بی پی ایل کے 35ویں میچ میں چٹاگانگ وائی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 116 رنز بنائے، مصدق حسین 43 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، محمد شہزاد 33، کپتان مشفق الرحیم 6 رنز بنا سکے، آفریدی، وہاب اور سیف الدین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جواب میں کومیلا وکٹورینز نے مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، تمیم اقبال نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی، شمس الرحمان 36 اور کپتان امرالقیس 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، تھسارا پریرا 10 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔