کوالالمپور ۔ 29 جنوری (اے پی پی) ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے اسرائیل کو مجرم ریاست قرار دے دیا۔ اپنے ایک بلاگ میں انہوں نے فلسطینی شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ایک مجرم ریاست اور دنیا بھر کی مذمت کی حقدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسرائیلی شہریوں پرملائشیا کا سفر کرنے پر پابندی عائد کرنے کا حق حاصل ہے۔جو ملک اس اقدام پر ہمیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں وہ منافقت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔اسرائیل کا قیام فلسطینی سرزمین پر عمل میں لایا گیا اور اس کے لئے کوئی ریفرنڈم یا استصواب رائے کا انعقاد نہیں کرایا گیا اور اسرائیل کے قیام کے لئے فلسطینیوں کو کوئی معاوضہ دیئے بغیر ان کے گھروں اور زمینوں سے بے دخل کر دیا گیا۔انہوں نے فلسطینیوں کے موقف کی حمایت کرنے والے ممالک سے کہا کہ وہ اسرائیل کے غیر انسانی اقدامات کی کھل کر مذمت کریں۔ پوری دنیا اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیو ں پر جبر اور ان کے ساتھ ناانصافی کو دیکھ بھی رہی ہے اور قانون کی حکمرانی اور انسانی آزادیوں کے علمبرداروں کو اسرائیل کی مذمت کرنے کی توفیق نہیں ہوتی۔