
اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے چینی سفیر یاہو جنگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے نیا ویزا رجیم محفوظ، بااعتماد اور کھلے پاکستان کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند امر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مثبت انداز سے آگے بڑھا رہی ہے۔ چینی سفیر نے ثقافت و فلم کے فروغ اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستانی فلموں کی چینی سینما گھروں میں نمائش کی جا رہی ہے، پاکستانی فلموں کی نمائش سے دونوں ممالک کے لوگوں کے مابین روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے چینی سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کی نمائش کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نویں انٹرنیشنل بیجنگ فلم فیسٹیول میں شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور مشترکہ فلم پروڈکشن کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میڈیا یونیورسٹی کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے۔ چوہدری فواد نے کہا کہ چائنہ سے میڈیا یونیورسٹی میں ٹیکنیکل میڈیا انسٹیٹیوٹ بنانے کے لئے مدد کے خواہاں ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان صحت، تعلیم،پانی کے وسائل اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے مختلف مشترکہ منصوبوں پر فوکس ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ملک میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کی اہمیت پر زوردیا۔