وزیر اعظم کا” سلام پولیو ورکر” کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

72

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز کا عزم پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے مقصد کے حصول کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایک پولیو ورکر عرفان کی تصویر کے ہمراہ اپنے ٹویٹ میں کہی۔ عرفان کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ شدید سردی کے دوران وادی سوات میں اپنی پولیو کٹ اٹھائے ہوئے کئی فٹ اونچی برف میں راستہ بنا کر فرض کی ادائیگی کے لئے منزل کی جانب رواں دواں دیکھا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے عرفان کے ہمراہ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس سے انہوںنے وزیر اعظم آفس میں گزشتہ روز ملاقات کی تھی اور وادی سوات میں بچوںکو پولیو کے مہلک مرض سے بچانے کے لئے اس کے اور اس کے رفقائے کار کے جذبے کو سراہا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ عرفان 2 لاکھ 60 ہزار ہیروز میں سے ایک ہے جو انتہائی سخت موسمی حالات میں پولیو کے قطرے پلانے کے لئے بچوں تک پہنچتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یہ وائرل وڈیو ہر فرد کے لئے احترام اور فخر کے احساس کی حامل ہے۔ وزیر اعظم نے” سلام پولیو ورکر” کے ہیش ٹیگ جو سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بند چکا ہے، کے ساتھ اپنے ٹویٹ میں کہاکہ اس قسم کے جذبے سے ہم پولیو سے پاک قوم بننے کے مقصد کے حصول کے قابل ہوں گے۔