
اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال سے وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے ایک وفد جس میں محمد اعجازعباسی، نائب صدر وفاق ایوان ہائے تجارت صنعت/سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ملک سہیل حسین چیئرمین کوآرڈینیشن وفاق ایوان ہائے تجارت صنعت/پاکستان کراپ پرٹیکشن ایسوسی ایشن، قربان علی، نائب صدر وفاق ایوان ہائے تجارت صنعت، چوہدری جاوید اقبال سابق نائب صدر وفاق ایوان ہائے تجارت صنعت/سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر، عاطف اکرام شیخ سابق نائب صدر وفاق ایوان ہائے تجارت صنعت اور طارق حلیم چئیرمین وفاق ایوان ہائے تجارت صنعت سٹینڈنگ کمیٹی برائے پورٹس اینڈ شپنگ/ پاکستان شپس ایجنٹس ایسوسی ایشن نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی میں بزنس کمیونٹی کا انتہائی اہم اور کلیدی کردار ہے، اگر بزنس کمیونٹی کا اسی طرح ملک کے اداروں پر مکمل اعتماد اور یقین ہوگا تو کوئی وجہ نہیںکہ ملک تر قی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر عاصم لودھی کی سربراہی میں سپیشل ڈیسک قائم کیا ہے جو کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ کووآرڈینیشن کےلئے فوکل پرسن کے طور پر بھی کام کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کو انتہائی عزت اور احترام کی نظر سے دیکھتا ہے، بزنس کمیونٹی کے مسائل کو قانون کے مطابق حل کیا جائے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب پر بزنس کمیونٹی کی طر ف سے مکمل اعتماد کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ نیب قوم کا ادارہ ہے جس کو ملکی ترقی اور خوشحالی انتہائی عزیز ہے۔ وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے وفد نے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کےلئے گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو نیب پر مکمل اعتماد ہے، نیب کے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کےلئے اقدامات کی وجہ سے قانون کے مطابق کام کرنے والے بزنس کمیونٹی کے افراد انتہائی مطمئن ہیں۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کےلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں عاصم لودھی ڈائریکٹر نیب کی سربراہی میں سپیشل ڈیسک قائم کرنے اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ کووآرڈینیشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کرنے پر چئیرمین نیب کاشکریہ اداکیا۔ وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے وفد نے چئیرمین نیب کو وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان ہیڈکوارٹر کراچی میںبزنس کمیونٹی سے خطاب کرنے کی دعوت دی جس کو چیئرمین نیب نے اپنے دورہ کراچی کے دوران بزنس کمیونٹی سے خطاب کی دعوت قبول کرنے کی یقین دہانی کرائی۔