وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

113

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کے فلور اور پی اے سی نیب کے خلاف میڈیا ٹرائل کے لئے استعمال کر رہے ہیں، وزیراعظم نے وفاقی وزیر شیخ رشید کو پی اے سی کمیٹی کا ممبر نامزد کیا ہے تاکہ اپوزیشن اداروں کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال نہ کر سکے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا ممبر نامزد کیا ہے، وہ آٹھ مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہے ہیں، ان کو اپوزیشن پر نظر رکھنے کیلئے پی اے سی کا ممبر بنایا گیا ہے تاکہ اپوزیشن ادارں پر پریشر ڈال کر انہیں ذاتی مقاصد کے لئے استعمال نہ کر سکے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کے فلور اور پی اے سی کو نیب کے خلاف میڈیا ٹرائل کے لئے استعمال کر رہے ہیں تاکہ نیب آزادانہ طریقے سے تحقیقات نہ کر سکے۔ حماد اظہر نے کہا کہ قومی اداروں کو ڈرایا، دھمکایا جا رہا ہے، ہراساں کیا جا رہا ہے لیکن شیخ رشید احمد کی شمولیت سے اب ایسا نہیں ہو سکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لئے موزوں ہے جبکہ ملک میں منفرد سیاحتی مقام کی وجہ سے عالمی سطح سے سیاح ملک میں آئیں گے، ماضی میں سیاح ویزہ لینے کے لئے تین تین ماہ انتظار کرتے تھے، اب ایسا نہیں ہو گا اور دنوں میں سیاحوں کو ویزہ فراہم کر دیا جائے گا۔