اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو یہاں ایک تقریب میں پاکستان بناﺅسرٹیفیکیٹس کا اجراءکردیا۔یہ بیرون ممالک ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئے سرمایہ کاری کاایک پرکشش موقع ہے۔یہ سرٹیفیکیٹس حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار بیرون ممالک مقیم ان پاکستانیوں کو ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کررہاہے جو ملکی ترقی اورخوشحالی میں کردار اداکرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ان سرٹیفیکیٹس سے ملک کی سماجی اوراقتصادی ترقی کیلئے زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔ پاکستان بناﺅ سرٹیفیکٹس تین اور پانچ سال کے معیاد کیلئے دستیاب ہیں جس پر شرح منافع بالترتیب تین سالہ سرٹیفکیٹ پر 6.25 فیصد سالانہ اور پانچ سالہ سرٹیفکیٹ پر 6.75 فیصد سالانہ ہوگا۔ اس میں سرمایہ کاری کی مالیت کسی بالائی حد کے بغیر کم سے کم 5 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔سمندرپارپاکستانی پاکستان بناﺅ سرٹیفیکیٹ میں ویب سائٹ www.pakistanbanaocertificates.gov.pk کے ذریعے سرمایہ کاری کرسکیں گے۔ویب سائیٹ پر سرٹیفیکیٹس سے متعلق تمام معلومات بھی فراہم کی گئی ہے۔ابتدائی سرمایہ کاری کرنے والوں کو منفرد شناختی نمبر جاری ہوگا ۔سرمایہ کاری کرنے والوں کو منافع نیم سالانہ، سرمایہ کار کے نامزد کردہ رہائشی ملک یا پاکستان میں برقرار رکھے گئے امریکی ڈالر اکاﺅنٹ میں ادا ہوگا۔دیگر مراعات وترغیبات میں ودہولڈنگ ٹیکسٰ اور زکوة کی لازمی کٹوتی سے استثنی شامل ہیں۔پاکستان بناﺅ سرٹیفیکیٹس کی ان کیشمنٹ پاکستانی روپے میں کسی بھی وقت کرنے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ اس پرکوئی کٹوتی بھی نہیں ہوگی۔پاکستان بناﺅ سرٹیفیکیٹس کا اجراءسمندرپارمقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔وزیراعظم عمران خان اوران کی ٹیم مادروطن کیلئے سمندرپارمقیم پاکستانیوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعتراف کرتی ہے۔پاکستان بناﺅ سرٹیفیکیٹس ملک کو پائیداربنیادوں پرمستحکم کرنے کیلئے مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کی حکومت کے عزم کا بھی اظہارہے۔