برطانیہ پاکستان کا قریبی شراکت دار اور مضبوط تجارتی و سرمایہ کار اتحادی ہے، ڈاکٹر راکیل گلینرسٹر

98

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) برطانوی محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈی ایف آئی ڈی) کی سربراہ ڈاکٹر راکیل گلینرسٹر نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کا قریبی شراکت دار اور مضبوط تجارتی و سرمایہ کار اتحادی ہے، برطانیہ اقتصادی ترقی اور انوسٹمنٹ ماحول کی بہتری کی غرض سے پاکستانی حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے۔ جمعہ کو برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق ڈی ایف آئی ڈی کی سربراہ نے یہ بات اپنے تین روزہ دورہ پاکستان کے اختتام پر کہی۔ ڈی ایف آئی ڈی کی چیف اکانومسٹ نے پاکستان میں قیام کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر سمیت اہم سرکاری حکام، نجی سیکٹر کے سٹیک ہولڈرز اور اکیڈیمیا ممبران سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر خزانہ سے ملاقات کے دوران ٹیکس، تجارت، مسابقت اور پاکستان میں کاروباری موحول سمیت اقتصادی ترجیحات زیر بحث لائی گئیں۔ ڈاکٹر راکیل نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا قریبی شراکت دار اور مضبوط تجارتی و سرمایہ کار اتحادی ہے جبکہ دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ سالانہ تجارتی حجم 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ڈی ایف آئی ڈی پروگرام کے ذریعے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری ہے۔