وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کی کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی کرسٹائین گیلمر سے ملاقات میں گفتگو

56
APP64-01 ISLAMABAD: February 01 – Federal Minister for Information and Broadcasting, Chaudhry Fawad Hussain meeting with Ms Wendy Christins Gilmour, High Commissioner of Canada to Pakistan. APP

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ فائدے کیلئے کینیڈا کے ساتھ تعاون کے شعبوں کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر وینڈی کرسٹائین گیلمر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اورکینیڈا کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات استوار ہیں اورجمہوریت کے فروغ، بہتر اسلوب حکمرانی کو یقینی بنانے اور خواتین کوبااختیار بنانے سمیت باہمی مفاد کے امورپر دونوں ممالک کا موقف یکساں ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ جمہوری حکومت آزادی اظہار رائے پرپختہ یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ نفرت پر مبنی مواد اورفیک نیوز کے سدباب کیلئے تمام فریقوں کو مل کر کوششیں کرناہوں گی۔کینیڈا کی ہائی کمشنر نے وزیراطلاعات کو کراچی سٹاک ایکسچینج کے اپنے حالیہ دورہ اورکراچی میں منعقدہ خوردنی تیل کانفرنس میں شرکت بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس بات سے بہت متاثر ہوئی ہیں کہ میٹروپولیٹین سٹی پاکستان کی اقتصادی سرگرمیوں کا مرکزہے۔انہوں نے کہاکہ کینیڈا پاکستان میں تجارت اورسرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہاہے۔کینیڈا کی ہائی کمشنر نے انتہاپسندوں کی جانب سے چیلینج سے نمٹنے کے موجودہ حکومت کے طریقہ کار کو سراہا۔