وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہیتھرو ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

80

اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے جذبے پر قائم ہیں، مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہاء کر دی ۔پاکستان پر امن اور امن پسند ملک ہے کسی سے لڑائی نہیں چاہتے۔پاکستان کے عوام ہی فیصلہ کن قوت ہیں۔عالمی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر اور پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرینگے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے عالمی کانفرنس میں شرکت کی غرض سے اتوار کو لندن پہنچے پر ہیتھرو ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر اور پاکستان کا نقطہ نطر پیش کیا جائیگا۔دنیا کی بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بربریت کی انتہاء کر دی۔آج دنیا نے تسلیم کر رہی ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے جذبے پر قائم ہیں۔دنیا نے بھارت کے مذموم پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔کشمیری خواتیں ننگے سر اپنے پیاروں کے جنازوں میں شرکت کر رہی ہیں۔کشمیری نوجوانوں کو پیلٹ گنز کے استعمال سے بصارت سے محروم کیا جارہا ہے۔سوشل اور پرنٹ میڈیا پر قدغن ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کشمیری جاگ گئے ہیں لیکن دنیا سو رہی ہے ۔بھارت اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دے رہا۔لیکن برطانوی پارلیمنٹ اور یو این ہیومن رائٹس کونسل کی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاورزیوں کو تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر قومی اتفاق رائے موجود ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ کن قوت عوام ہیںاور پاکستانی عوام نے عام انتخابات میں اپنا فیصلہ سنایا ہے۔