آسٹریلیا نے سری لنکا کو شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا

50
سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ (کل)سے شروع ہوگا

کینبرا ۔ 04 فروری (اے پی پی) مچل سٹارک کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 366 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا، کینگروز باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کے باعث سری لنکن ٹیم کینگروز کی طرف سے ملنے والے 516 رنز ہدف کے تعاقب میں 149 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکن ٹیم آسٹریلین باﺅلرز کے سامنے ریت کی دیورار ثابت ہوئی اور خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی اور پوری ٹیم 149 رنز بناسکی، آئی لینڈرز کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ مینڈس 42 تھریمانے 30 رنز بناسکے، آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک نے انتہائی شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں 10 وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، پیٹ کمنز کو عمدہ باﺅلنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو کینبرا میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز بغیر کسی نقصان کے 17 رنز پر دوبارہ شروع کی تو کرونارتنے 8 اور تھریمانے 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔ میچ کے چوتھے روز کینگروز باﺅلرز نے آغاز سے ہی آئی لینڈرز پر اپنا دباﺅ بڑھا دیا اور آئی لینڈرز ٹیم کے چھ کھلاڑی 97 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ کرونارتنے 8، کپتان چندیمل 4، تھریمانے 30، ڈکویلا 27، پریرا سری لنکا کے پانچویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ڈی سلوا 6 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے اس وقت سری لنکا کا مجموعی سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز تھا۔ مینڈس سری لنکا کے ساتویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 42 رنز بناکر لبوشگنے کی گیند پر پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، چامیکا کرونارتنے آٹھویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بناکر پیٹ کمنز کے گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، پریرا نویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ فرنینڈو سری لنکا کے آخری آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنکو صرف پر مچل سٹارک نے کلین بولڈ کردیا۔ راجیتھا 2 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ یوں کینگروز باﺅلرز کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم 516 رنز ہدف کے تعاقب میں 149 رنز بناسکی اور آسٹریلیا نے سری لنکا کو میچ میں 366 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کردیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے دوسری اننگز میں بھی 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، پیٹ کمنز نے 3، رچرڈسن اور لبوشگنے نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ مچل سٹارک کو میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ پوری سیریز میں عمدہ باﺅلنگ پر پیٹ کمنز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔