چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد کا تقریب سے خطاب

72
APP07-05 BEIJING: February 05 - Ambassador of Pakistan to China, Masood Khalid in a group photo with the participants of Kashmir Solidarity Day. APP

بیجنگ ۔ 5 فروری (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی تشدد کے خاتمہ اور کشمیریوںکے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے کی بجائے بھارت الزامات کی پالیسی پرعمل پیرا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالا جاسکے اورعالمی برادری کی توجہ اس مسئلہ سے ہٹائی جاسکے۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر انتظام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم اورنہتے کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کودبانے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود ان کی تحریک جاری اور زندہ ہے۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے قبضہ کو72 سال مکمل ہونے کے حوالے سے کشمیریوں کی جدوجہد کی تحریک پر روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ پاکستانی سفیر مسعود خالد نے کہا کہ یہ تقریب بڑی اہم ہے۔ انہوں نے شرکاءکو مقبوضہ وادی میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم سے بھی آگاہ کیا۔ کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی جانب سے جدوجہد آزادی کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا تاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوںکے مطابق حل کیا جاسکے۔ پاکستانی سفیر نے پی اے سی بیکے طلباءکی جانب سے اپنی تقاریر میں مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کی تعریف کی۔ پی ای سی بی کی پرنسپل شازیہ امجد نے بھی ادارے کے طلباءکی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔