
اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبوں کے اندر مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں تفریق ختم کرنے کےلئے ضروری ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مستحکم کیا جائے اور فنانس ایوارڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، صوبوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ خصوصاً کوڑا کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف ہزارہ ڈویژن کے ممبران قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، پرنس نواز الائی، صالح محمد، علی خان جدون اور عظمی ریاض شریک تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نعیم الحق، ترجمان ندیم افضل گوندل، ملک عامر ڈوگر اور ارشد داد بھی موجود تھے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کواپنے اپنے حلقوں کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، پچھلے تین سالوں میں صوبہ میں غربت میں کمی کی وجہ سیاحت کا فروغ ہے، سیاحت کے پوٹینشل کو مزید فروغ دینے کےلئے اقدامات کر رہے ہیں جس سے صوبہ میں مزید خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے گی کہ مقامی لوگوں کو کاروبار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور خصوصاً ویسٹ ٹو انرجی پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے اندر مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں تفریق ختم کرنے کےلئے ضروری ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مستحکم کیا جائے اور فنانس ایوارڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی کےلئے مناسب وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔